پرتھ، 7؍نومبر (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )آسٹریلیائی ٹیم کو شکست سے پیچھا چھڑانے میں کامیابی نہیں ہوپارہی ہے۔حال ہی میں جنوبی افریقہ میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں پروٹیز ہی 5-0سے ون ڈے سیریز میں شکست کے کھانے کے بعد اب اپنے ہی گھر میں 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ہی ٹیسٹ میں اسے جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔وہ پروٹیز سے سیریز میں 0-1سے پیچھے ہو گئی ہے۔پورے میچ میں پہلے دن کے کھیل کو چھوڑ دیں، تو آسٹریلیائی ٹیم ہر محاذ پر پروٹیز سے پیچھے ہی رہی۔جنوبی افریقہ نے اسے 177رنوں سے شکست دی۔آسٹریلیائی ٹیم 539رنوں کے ریکارڈ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 361رنوں پرہی سمٹ گئی۔پروٹیز کے لیے میچ کی کامیابی پہلا ٹیسٹ کھیل رہے کیشو مہاراج رہے، جنہوں نے میچ میں 4 وکٹیں حاصل کی اور دوسری اننگ میں 41رنوں کی تیز رفتار ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔اس طرح انہوں نے اپنی آل راؤنڈر کارکردگی سے سب کو متاثر کیا۔کیشو مہاراج کے علاوہ جنوبی افریقہ کے لیے گیندبازی میں جہاں کاگیسو رباڈا نے دوسری اننگ میں 5وکٹیں جھٹکی ، وہیں بلے بازی میں ڈین ایلگر کی نے 127اور جے پی ڈومنی نے 141رنوں کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو انتہائی مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔کونٹن ڈیکا ک نے پہلی اننگ میں 84 جبکہ دوسری میں 64رنوں کی شراکت دی ۔آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگ میں ڈیوڈ وارنر نے 97رن جبکہ دوسری اننگ میں عثمان خواجہ نے بھی 97رنوں کا تعاون دیا ، لیکن ان کی یہ کوشش ٹیم کو شکست سے نہیں بچا سکی۔
واکا ٹیسٹ کے پانچویں دن آسٹریلیا نے دوسری اننگ میں 539رنوں کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چوتھے دن کے اسکور 4وکٹ پر 169رنوں سے اننگ کو آگے بڑھایا، لیکن کاگیسو رباڈا اور فلینڈر کی تیز گیندبازی کے آگے اس کے بلے باز ٹک نہیں سکے ، صرف عثمان خواجہ( 97)اور پیٹر نیولی (60)ہی جدوجہد کرتے نظر آئے ۔آسٹریلیائی ٹیم نے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چوتھے دن شروعات تو اچھی کی، لیکن دونوں سلامی بلے بازوں کے مسلسل وقفے پر پویلین لوٹنے سے ٹیم دباؤ میں آ گئی۔52رنوں کی شراکت داری کرنے کے بعد ڈیوڈ وارنر( 35)رن پویلین لوٹ گئے۔شان مارش(15)بھی اسی اوور میں اسی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔عثمان خواجہ نے اس کے بعد کپتان اسٹیون اسمتھ( 34)کے ساتھ اننگ کو آگے بڑھایا۔دونوں نے تیسرے وکٹ کے لیے 92رن جوڑے، لیکن تبھی کاگیسو رباڈا نے 144کے اسکورپراسمتھ کو وکٹ کے پیچھے کونٹن ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔آسٹریلیا اس جھٹکے سے ابھی نکل بھی نہیں پایاتھاکہ رباڈا نے اپنے اگلے ہی اوور میں ایڈم ووگس (1)کو بھی چلتا کر دیا۔اس سے پہلے، 6 وکٹ پر 390رنوں سے آگے کھیلنے اتری جنوبی افریقی ٹیم کی اننگ کو ڈی کاک (64)اور ورنن فلینڈر( 73)نے محتاط اندازسے بلے بازی کرتے ہوئے آگے بڑھایا ۔دونوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 116رنوں کی شراکت داری کی ۔دن کے پہلے سیشن میں ڈی کا ک کے طور پر واحد وکٹ گرا۔لنچ تک جنوبی افریقہ نے 7وکٹ کے نقصان پر 508رن بنا لیا تھا ۔لنچ کے بعد جنوبی افریقی ٹیم نے صرف3.1اوورہی کھیلا اور فلینڈر کا وکٹ گرتے ہی 8وکٹ پر 540رنوں کے اسکور پر اپنی دوسری اننگ ڈکلیئر کر دی۔